58

پاکستان کے سب سے بڑے زرعی تحقیق کے ادارے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے عالمی سطح پر اپنی تحقیق پر مبنی فوڈ پروڈکٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی فوڈ برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور شعبہ حیوانات میں دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافے نیز فصلوں کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کی تحقیق کے لئے پرائیویٹ کمپنیوں تخم ٹریڈرز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور او آکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں ۔تخم ٹریڈرز کے ساتھ معاہدے کے تحت پی اے آر سی برانڈکی فوڈ مصنوعات عمان کو برآمد کی جائیں گی۔ عمان میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے کے لئے پی اے آر سی ڈسپلے سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر چاول اور شہد برآمد کرنا شروع کر دیا جائے گا۔اس معاہدے کے ساتھ پی اے آر سی عالمی سطح پر اپنی تحقیق پر مبنی فوڈ پروڈکٹ پیش کررہی ہے۔ پاکستان میںان مصنوعات کے معیارکی جانچ کے بعد ، ہم عالمی سطح پر پاکستانی برانڈ متعارف کروا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین پی اے آرسی ڈاکٹر محمد عظیم خان نے مفاہمتی یاداشت کی تقریب کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے زرعی آر اینڈ ڈی کی آمدنی ہوگی۔ پی اے آر سی اپنی مصنوعات کے نئے دورمیں داخل ہورہا ہے۔ ۔ عمان ہمارا اولین لینڈنگ مقام ہے اور اسی سے ہم پورے مشرق وسطی میں اپنی فوڈ برانڈ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عظیم خان نے مزید بتایا کہ پی اے آر سی نے ایک اور پرائیویٹ کمپنی اوآکس( سی اے ایف )کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے ۔ یہ کمپنی پاکستان میں گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافے لئے کورین بریڈ کی در آمد کے ذریعے اس پر تحقیق کے لئے اعلی معیارکے کورین بریڈ کا تخم فراہم کرے گی جو مقامی نسلوں کی افزائش نسل کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے استعمال ہوگا۔ رائی گراس جانوروں کے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کے لئے ایک اعلی معیارکی خوراک ہے جس کی پیداواری صلاحیت کی ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی۔رائی گراس کی تیاری اور اس کو جانوروں کی کھلانے کے تجربات بھی اس معاہدے کا حصہ ہیں۔ نیز معاہدے کے ذریعے ، ڈی ہائیڈریشن پلانٹ اور ان کی ٹیکنالوجی کو بھی تجرباتی مقصد کے لئے پی اے آر سی کو فراہم کیا جائے گا۔ڈی ہائیڈریشن مشینری کا استعمال فصل کی کاشت کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لئے کیا جائے گا اور اس سے اعلی درجے کے پروسیسڈ پھل بھی ملیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں